برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور ان کی خود سے کم عمر اہلیہ کیری جانسن کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوگئی۔دونوں کے ہاں اپریل 2020 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد مئی 2021 میں دونوں نے شادی کی تھی۔شادی کے چند ماہ بعد رواں برس اگست میں دونوں نے بتایا تھا کہ ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع ہے اور اب ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوگئی۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بورس جانسن اور ان کی خود سے کم عمر 34 سالہ اہلیہ کیری جانسن نے 9 دسمبر کو تصدیق کی کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوگئی۔دونوں نے بتایا کہ بچے کی پیدائش ’نیشنل ہیلتھ سروس‘ (این ایچ ایس) کے تحت چلنے والے ہسپتال میں ہوئی اور اب ماں اور بیٹی صحت مند ہیں۔اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش پر کیری جانسن نے این ایچ ایس عملے کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔برطانوی وزیر اعظم کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کی خبر کے بعد سیاستدانوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔بورس جانسن کو پہلے ہی دو خواتین سے کم از کم 5 بچے ہیں اور ان کے ہاں وزارت عظمیٰ کے عہدے کے دوران دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد وہ پہلے برطانوی وزیر اعظم بن گئے جن کے ہاں عہدے پر براجمان رہتے ہوئے مسلسل دو سال میں بچے ہوئے۔بورس جانسن نے کیری سائمنڈ سے مئی 2021 میں شادی کی تھی، وہ 200 سالہ برطانوی تاریخ میں پہلے وزیر اعظم بنے تھے، جو وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہتے ہوئے رشتہ ازدواج میں بندھے تھے۔ان کے ہاں خود سے 24 سال کم عمر منگیتر سے شادی سے قبل گزشتہ برس اپریل میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی اور وہ ان چند برطانوی وزرائے اعظم میں بھی شامل ہوگئے تھے، جو عہدے پر براجمان ہوتے ہوئے باضابطہ شادی کرنے سے قبل والد بنے تھے۔انہوں نے پہلی شادی اطالوی نژاد برطانوی خاتون الجرا موسٹن سے 1987 میں کی تھی لیکن دونوں کی شادی محض 6 سال کے اندر 1993 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔پہلی شادی ناکام ہونے کے چند ہی ہفتے بعد انہوں نے پاک و ہند نژاد برطانوی نسل کی خاتون مرینا ویلر سے 1993 میں شادی کی تھی اور جوڑے کے ہاں شادی کے ابتدائی 6 ماہ میں ہی پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔مرینا ویلر اور بورس جانسن کی شادی 25 سال تک قائم رہی تھی اور دونوں کے ہاں 4 بچے پیدا ہوئے لیکن 2018 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کی اور سال 2020 میں ان کی طلاق ہوگئی۔